نئی دہلی ، 25 ستمبر (یواین آئی) ملک میں دن بدن پھیلتے جارہے جان لیوا عالمی وبا کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے جاری مہم میں 24 ستمبر کو ایک دن میں ریکارڈ 14 لاکھ 92 ہزار سے زائد نمونوں کے ٹسٹ کئے گئے۔
جمعہ کو انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 24 ستمبر کو ملک میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 14 لاکھ 92 ہزار 409 نمونوں کا ٹسٹ کیا گیا جس سے یہ تعداد بڑھ کر 6 کروڑ 89 لاکھ 28 ہزار 440 تک پہنچ گئی۔
اس سے قبل 20 ستمبر کو ایک دن میں ریکارڈ 12 لاکھ 6 ہزار 806 نمونوں کی جانچ کی گئی تھی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے سب سے زیادہ کورونا متاثرہ ریاستوں مہاراشٹر ، آندھرا پردیش ، کرناٹک ، اتر پردیش ، تمل ناڈو ، دہلی اور پنجاب کے وزرائے اعلی کے ساتھ ایک ورچوول میٹنگ میں30ستمبر کوختم ہونے والے ’ان لاک 4 ‘کے بعد کورونا کی روک تھام کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
مسٹر مودی نے کہا کہ کورونا سے متعلق بنیادی سہولیات کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔ اس کے علاوہ بھی ایک نیٹ ورک ہے جو ٹریکنگ ٹریسنگ سے منسلک ہے ، انہیں بھی بہتر تربیت دینی ہوگی۔
خیال رہے ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 30 جنوری کو سامنے آیا تھا۔
6 اپریل تک جانچ کی مجموعی تعداد صرف دس ہزار تھی۔ اس کے بعد جیسے ہی وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا نمونوں کی تفتیش میں بھی تیزی آئی۔ 7 جولائی کو نمونوں کی جانچ کی تعداد ایک کروڑ ہوگئی اور اس کے بعد اس میں تیزی سے اضافہ ہوا اور 17 ستمبر کو یہ چھ کروڑ تک پہنچ گیا۔
اس سے قبل 3 ستمبر کو ملک میں 11 لاکھ 72 ہزار 179 نمونوں کی جانچ کی گئی تھی۔ یہ نہ صرف ملک بلکہ دنیا میں ایک ہی دن میں ہونے والی سب سے زیادہ جانچ کا ریکارڈ تھا۔