نئی دہلی ، 12 ستمبر ( یواین آئی) ملک میں کورونا وائرس کی یومیہ بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ ہی کورونا وائرس سے نجات حاصل کرنے والوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سب سے زیادہ 97،570 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ وہیں 81 ہزار سے زیادہ افراد کی شفایابی کے ساتھ صحت مند افراد ہونے والوں کی تعداد نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
ہفتہ کو مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے نجات پانے والوں کی مجموعی تعداد 36،24،197 ہوگئی ہے۔
وہیں ملک میں کورونا وائرس کے 97570کیسز سامنے آنے سے متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 46،59،985 ہو گئی۔ شفایاب ہونے والوں کے مقابلہ میں کورونا کے نئے کیسز زائد ہونے سے ایکٹیو کیسز 14836سے بڑھ کر 9،58،316 ہوگئے ہیں ۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 1201اموات سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 77،472 ہوگئی ہے۔ ملک میں ایکٹیو کیسز کی شرح 20.56 فیصد ،شفایابی کی شرح 77.77 فیصد اور اموات کی شرح 1.66 فیصد ہے۔