نئی دہلی، 2 نومبر( یواین آئی) ملک میں لگاتار آٹھویں روز کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے 50 ہزار سے بھی کم نئے کیسز کی اطلاع ہے اور اس جان لیوا وبا سے شفایاب ہونے والے مریضوں کی تعداد زیادہ رہنے کی وجہ سے اموات اور ایکٹیو کیسزکی شرح میں بھی لگاتارگراوٹ آرہی ہے۔
ملک میں صحت مند ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے سے کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 5،61،908 رہ گئی ہے۔ اس کےساتھ ہی ایکٹیوکیسزکی شرح 6.82 فیصد پرآ گئی ہے۔
پیر کو مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا سے شفایابی کی شرح 91.68 فیصد ، اموات کی شرح 1.48 فیصد اور ایکٹیو کیسز کی شرح 6.82 فیصد ہوگئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کورونا وائرس کے 45،231 مزید نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ یہ لگاتار آٹھواں دن ہے جب کووڈ 19 کے 50 ہزار سے کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس سے قبل اتوار کو 46،963 ، ہفتہ کو 48،268 ، جمعہ کو 48،648 ، جمعرات کو 49،881 ، بدھ کو 43،843 ، منگل کو 36،470 اور پیر کے روز 45،149 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے 53،285 متاثر افراد شفایاب ہوئے ہیں اور 496 افراد ہلاک ۔ اب تک ملک میں 82.29 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا وائرس کی زد میں آچکے ہیں ، جن میں سے تقریبا 75.44 لاکھ افرادشفایاب اور 1،22،607 لاکھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔