نئی دہلی ، 30 جون (یو این آئی) ملک میں 17 دنوں میں ہلاکت خیزکورونا وائرس (کووڈ 19) وبا کے ایکٹیو کیسز میں تقریبا پانچ لاکھ کی کمی واقع ہوئی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں 60،729 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔
دریں اثنا منگل کو 36 لاکھ 51 ہزار 983 افراد کو کورونا سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے۔ ملک میں اب تک 33 کروڑ 28 لاکھ 54 ہزار 527 افراد کو کورونا کے ٹیکے دیئے جاچکے ہیں۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے بدھ کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 45951 نئے کیسز کی رپورٹ کے ساتھ ہی متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر تین کروڑ تین لاکھ 62 ہزار 848 ہوگئی ہے۔ اس دوران 60 ہزار 729 مریضوں کی شفایابی سے اس وبا کو شکست دینے والوں کی کل تعداد دو کروڑ 94 لاکھ 27 ہزار 330 ہوگئی ہے۔ ایکٹیو کیسز 15،595 سے گھٹ کر 5 لاکھ 37 ہزار 64 رہ گئے ہیں۔ اسی عرصہ میں 817 مریضوں کی ہلاکت کی وجہ سے اموات کی تعداد بڑھ کر تین لاکھ 98 ہزار 454 ہوگئی ہے۔