نئی دہلی : ملک میں کورونا وائرس (كووڈ 19) کی وبا کا قہربڑھتاہی جا رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں تقریبا سات ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو اب تک کی روزانہ کے کیسز کی ریکارڈ تعداد ہے، تاہم راحت کی بات یہ بھی ہے کہ اس دوران 3280 لوگ ٹھیک ہوئے ہیں جس سے اس وبا سے نجات پانے والوں کی تعداد 57،721 ہو گئی ہے۔
اس درمیان مہاراشٹر میں کورونا متاثرین کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
مرکزی صحت اورخاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے پیر کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے اب تک کے سب سے زیادہ 6977 نئے کیسزسامنے آئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 1،38،845 تک پہنچ گئی۔ ملک میں کل فعال کیسز کی تعداد 77،103 ہیں۔
ملک میں كووڈ -19 وبا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 154 افراد کی موت ہونے سے ہلاکتوں کی تعداد 4،021 ہو گئی ہے۔ اسی مدت میں اس وبا سے 3280 افراد شفایاب ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہونے والے لوگوں کی مجموعی تعداد 57،721 ہو گئی ہے۔
ملک میں کورونا وائرس نے مہاراشٹر میں سب سے زیادہ تباہی مچائی ہے جہاں متاثرین کی تعداد 50 ہزار کے اعداد و شمار کو پار کر کیا ہے۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3041 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد بڑھ کر50231 ہو گئی ہے اور کل 1635 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 14،660 لوگ اس انفیکشن سے شفایاب بھی ہوئے ہیں۔