نئی دہلی، 8 اپریل (یواین آئی) ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران کوروناوائرس (كووڈ 19) متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ ہی یہ 5194 تک پہنچ گئی ہے اوروائرس سے اب تک 149 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے بدھ کی صبح جاری تازہ اعدادوشمارکے مطابق کوروناوائرس ملک کی 31 ریاستوں اورمرکزکے زیرانتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 773 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی اب تک اس کے 5194 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ان میں 65غیرملکی مریض بھی شامل ہیں۔ کوروناوائرس سے گزشتہ 24 گھنٹےکےدوران 35 مزیدافرادکی موت کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد 149 ہو چکی ہے۔ ابھی تک کورونا متاثرین میں سے 402 لوگ صحت مند ہو چکے ہیں۔
منگل کے مقابلے بدھ کومتاثرین اورمرنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ فہرست کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے سب سے شدید متاثرمہاراشٹرہے،جہاں متاثرین کی تعداد 1000 سے تجاوز کر چکی ہے۔ وہاں اب تک 1018 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور64 افرادکی موت ہو چکی ہے۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 19 افراد ہلاک اور 270 افراد متاثر ہوئے ہیں۔