دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والی کورونا وائرس کی وبا نے اگرچہ 29 اپریل تک دنیا بھر میں 31 لاکھ 17 ہزار سے زائد انسانوں کو متاثر کیا، تاہم اس وبا سے سب سے زیادہ امریکی باشندے متاثر ہوئے۔چین سے شروع ہونے والی کورونا کی وبا نے اگرچہ دنیا کے 190 ممالک میں لوگوں کی زندگیاں چھین لیں تاہم اس وبا سے سب سے زیادہ امریکا میں ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔
29 اپریل کی صبح تک دنیا بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والے 31 لاکھ 17 ہزار سے زائد افراد میں سے 10 لاکھ کا تعلق امریکا سے تھا۔
اسی طرح 29 اپریل کی صبح تک دنیا بھر میں کورونا سے ہلاک ہونے والے 2 لاکھ 17 ہزار 200 سے زائد افراد میں سے 58 ہزار 351 افراد کا تعلق امریکا سے تھا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 29 اپریل کی صبح تک امریکا میں کورونا وائرس کی وبا سے مرنے والے امریکی افراد کی تعداد نصف صدی قبل امریکا اور ویت نام میں ہونے والی جنگ میں مرنے والے امریکی فوجیوں سے زیادہ ہوگئی۔
امریکا کے اتحادیوں اور ویت نام کے اتحادیوں میں 1958 کے بعد جنگ چھڑ گئی تھی، جس کا مقصد بظاہر ویت نام کو بھی کوریا کی طرح دو حصوں میں تقسیم کرنا تھا مگر یہ جنگ دونوں ممالک کے اتحادیوں میں ڈیڑھ دہائی تک چلنے کے بعد بھی ویت نام کو دو حصوں میں تقسیم نہیں کیا جا سکا۔