کورونا وائرس سے امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد وبا کے مرکز چین سے بھی زیادہ 4 ہزار سے تجاوز کرگئی جس کے پیش نظر نیویارک کے سینٹرل پارک اور یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ہوم گراونڈ میں ہنگامی طور پر فیلڈ ہسپتالوں کو تیار کرلیا گیا۔اس وبا سے ایک ہزار 700 سے زائد نیو یارک کے مقامی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جو اس شہر کے رہائشی بھی ہیں، نے واشنگٹن میں پورے ملک کے لیے آنے والے دو ہفتوں کو ’انتہائی دردناک‘ قرار دیا ہے۔
مین بیٹن کے مشہور پارک میں 68 بستروں اور 10 وینٹیلیٹرز سے لیس ایک درجن کے قریب خیمے لگائے گئے ہیں جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی آمد متوقع ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس کے کیسز بدھ کے اوائل میں ایک لاکھ 89 ہزار 510 ہو گئے تھے جس میں سے 4 ہزار 76 اموات ہوئیں۔
یہ تعداد چین میں ہونے والی 3 ہزار ہزار 310 اموات سے کہیں زیادہ ہیں۔
امریکی ریاست نیو یارک میں دیگر ریاستوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ 76 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں جو امریکا میں وائرس کے پھیلاؤ کا اب مرکز بنتا جارہا ہے۔
امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں جہاں اضافہ ہوتا جارہا ہے وہیں حکام خبردار کر رہے ہیں کہ عوام کے گھروں میں رہنے اور ایک دوسرے سے رابطہ کم سے کم کرنے کے باوجود وائرس ایک لاکھ سے 2 لاکھ 40 ہزار کے قریب امریکیوں کو ہلاک کرسکتا ہے۔
ماہرین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ نیوز بریفنگ میں یہ پیش گوئی کی۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ انہیں اُمید ہے کہ تعداد اتنی زیادہ نہیں بڑھے گی اگر وائرس کو روکنے کے لیے سب اپنا کردار ادا کریں گے۔
اٹلی میں کورونا وائرس کے مزید سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 2 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آگئی جو اس بات کی جانب نشاندہی کرتی ہے کہ یورپ میں وبا کے پھیلاؤ کا مرکز اب کنٹرول میں آرہا ہے جبکہ ملک میں لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کردی گئی ہے۔
اٹلی میں منگل کے روز سامنے آنے والے نئے کیسز کی تعداد 4 ہزار 53 رہی جبکہ پیر کے روز یہ تعداد 4 ہزار 50 تھی۔
سول پروٹیکشن اتھارٹیز نے اپنی نیوز کانفرنس میں کہا کہ پیر کے روز 17 مارچ سے اب تک سب سے کم کیسز سامنے آئے جو گزشتہ دو ہفتوں میں ایک روز میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد میں سب سے کم ہیں۔
ایک علیحدہ پریس کانفرنس میں عوامی صحت ادارے کے سربراہ سلویو بروسافیرو کا کہنا تھا کہ ’ملک میں وبا کا پھیلاو اپنی چوٹی پر ہے‘۔
اٹلی میں اب تک ایک لاکھ 5 ہزار 792 کورونا وائرس کے کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 12 ہزار 428 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔