ویلنگٹن،12 اگست (یواین آئی) نیوزی لینڈ کے سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے بدھ سے تین دن کے لئے لیول تین کا سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہاہے ، جبکہ باقی ملک میں کورونا کے چار نئے کیسز سامنے آنے کے بعد لیول 2 کا لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ آکلینڈ کو بدھ کی سہ پہر سے لیول تھری کے لئے بند کردیا جائے گا جو جمعہ کی رات تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ تین دن انتظامیہ کو صورتحال کا جائزہ لینے،معلومات اکٹھا کرنے اور متاثرہ افراد کے ساتھ رابطے میں آنے والے لوگوں کو تلاش کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
قابل غور ہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کورونا وائرس کے چار نئے کیسز کے سامنے آنے سے اس ملک میں 102 دنوں کے بعد اس وائرس کا پہلا کیس درج کیا گیا ہے اور یہ کس کے رابطہ میں آنے سے متاثر ہوئے اس کا بھی پتہ لگایا جارہاہے۔