پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور آج بھی مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 4 ہزار 788 تک پہنچ گئی ہے۔اگر دنیا بھر میں اس وائرس کا شکار ہونے والے لوگوں کو دیکھیں تو یہ تعداد تقریباً 17 لاکھ کے قریب ہے جبکہ اموات کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔
پاکستان میں اس وائرس کا پھیلاؤ مارچ کے آخر تک اتنا زیادہ نہیں تک تاہم اپریل کے آغاز سے اس میں کافی تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔اب تک کے اعداد و شمار کو دیکھیں تو صرف اپریل کے 10 روز میں 27سو سے زیادہ کیسز اور 46 اموات ریکارڈ کی گئیں۔
جس کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 4 ہزار 788 جبکہ اموات 72 تک پہنچ گئیں۔ہفتہ 11 اپریل کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے۔
سرکاری اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ نے اسلام آباد میں مزید 6 کیسز کی تصدیق کی۔جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 107 سے بڑھ کر 113 ہوگئی ہے۔صحتیاب جہاں ایک طرف ملک میں متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے وہیں صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 727 تھی جس میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 35 نئے افراد کا اضافہ ہوا اور یہ تعداد 762 تک پہنچ گئی۔
ان نئے کیسز کے بعد ملک میں صوبوں اور علاقوں کے حساب سے اگر اعداد و شمار دیکھیں تو پنجاب 2336 کیسز کے ساتھ سب سے آگے ہے۔
جس کے بعد سندھ میں 1214 کیسز، خیبرپختونخوا میں 656 کیسز، بلوچستان میں 220 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 215، اسلام آباد میں 113 اور آزاد کشمیر میں 34 کیسز ہیں۔
کورونا وائرس سے ملک میں ہونے والی اموات میں سب سے زیادہ تعداد خیبرپختونخوا میں ریکارڈ کی گئیں۔خیبرپختونخوا: 25 اموات سندھ: 22 اموات پنجاب: 19 اموات گلگت بلتستان: 3 اموات بلوچستان: 2 اموات اسلام آباد: ایک موت آزاد کشمیر: کوئی نہیں
پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت 18 مارچ کو سامنے آئی جبکہ اسی روز دوسری موت کی بھی تصدیق کردی گئی۔
18 مارچ کو خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا نے مردان میں پہلے شخص کے کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرجانے کے بارے میں آگاہ کیا۔بعد ازاں کچھ ہی دیر میں انہوں نے ہنگو میں دوسرے فرد کی موت کی تصدیق کی۔