نئی دہلی، 22 جنوری (یو این آئی) ملک میں کورونا انفیکشن کے نئے معاملوں کے مقابلے میں اس وبا کو شکست دینے والے افراد کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے جس کی وجہ سے فعال کیسوں کی تعداد میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے اور ان کی تعداد کم ہوکر 188688 رہ گئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کو جاری اعداد و شمار کے مطابق، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انفیکشن کے 14545 نئے کیس رپورٹ ہوئے، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ چھ لاکھ 25 ہزار ہوگئی ہے۔ یومیہ معاملوں کی تعداد گذشتہ 11 دن سے 15-16 ہزار کے قریب ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18002 مریض صحت مند ہوئے جس سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ دو لاکھ 83 ہزار 708 اور فعال معاملات 3620 کم ہوکر 188688 رہ گئے ہیں۔ اسی دوران 163 مریضوں کے فوت ہونے کے باعث مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 53 ہزار 32 ہوگئی۔
ملک میں ری کوری کی شرح بڑھ کر 96.78 فیصد ہوگئی ہے اور فعال معاملات کی شرح 1.78 ہے جبکہ اموات کی شرح اب بھی 1.44 فیصد پر مستحکم ہے۔