نئی دہلی، 17نومبر (یو این آئی) ملک میں کورونا انفیکشن سے صحت یاب ہونے والے معاملات میں تیزی کی وجہ سے اس کے فعال معاملات کم ہوکر منگل کو ساڑھے چار لاکھ سے نیچے آگئے۔
مختلف ریاستوں سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق آج دیر رات انفیکشن کے 35,430نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد 89,09656ہوگئی ہے لیکن راحت کی بات یہ ہے کہ فعال معاملات کی تعداد کم ہوکر 4.5لاکھ رہ گئی جبکہ مرنے والوں کی تعداد 409مزید بڑھ کر 1,30,696ہوگئی ہے۔
ملک میں نئے معاملات میں کمی آرہی ہے اور انفیکشن کے نئے معاملات کے مقابلہ میں اس وبا سے نجات پانے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور اسی سلسلہ میں 42,012مزید مریضوں کے صحت یاب ہوجانے سے اب تک 83,30,354لوگ اس بیماری سے نجات پاچکے ہیں۔
کورونا سے ملک میں سب سے زیادہ متاثرہ مہاراشٹر میں فعال معاملات کی تعداد 81,925رہ گئی ہے لیکن مہاراشٹر اس معاملے میں چوٹی پر برقرار ہے۔ کیرالہ 70,074فعال معاملات کے دوسرے نمبر پر ہے، دہلی 42,004فعال معاملات کے ساتھ تیسرے نمبر پر، مغربی بنگال 27,111معاملات کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جبکہ کرناٹک اب 25,232معاملات کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔