تیونیسا‘ عمان‘واشنگٹن‘نئی دہلی‘ریوڈی جنیرو (اے پی پی+آن لائن)دوسری لہر کے خدشے کے باعث بڑے شہروں میں2 ہفتے کے لیے لاک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دارالحکومت سمیت اریانہ، بن عروس اور منوبہ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے بعد رات 8 بجے سے صبح 5 بجے تک مکمل کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ بڑے شہروں کی تمام مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات بھی نہیں ہوں گے۔
لاک ڈائون کے دوران تمام ریسٹوران، کیفے اور کھانے پینے کے مراکز کو صرف ہوم ڈلیوری یا پارسل سروس کی اجازت ہو گی جب کہ عمان حکومت نے بھی کورونا وبا پھیلنے کے خدشے کے باعث مکمل لاک ڈان نافذ کردیا ہے، لاک ڈان کا اطلاق 11اکتوبر تا 24 اکتوبر ہوگا، لاک ڈائون کے دوران تمام پبلک و تفریحی مقامات اور ریٹیل سٹورز بند رہیں گے۔دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3کروڑ67 لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ اس مہلک وائرس سے اب تک 10 لاکھ 66 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 80 لاکھ 22 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے امریکا دنیا بھر میں پہلے، بھارت دوسرے اور برازیل تیسرے نمبر پر ہے جبکہ اموات کے اعداد و شمار میں امریکا پہلے، برازیل دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر ہے۔ دنیا کے مختلف ملکوں میں اب تک کورونا وائرس سے1066984 ہلاکتیں ہوچکی ہیں، متاثرین کی مجموعی تعداد 36763783 جبکہ فعال متاثرین کی تعداد 8022331 ہے۔