ہندوستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 57 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 86 ہزار 508 نئے معاملات سامنے آئے ہیں ، جس کے بعد متاثرین کی تعداد 57 لاکھ 30 ہزار 184 ہوگئی ہے ۔ بدھ کو 1129 افراد کی موت بھی ہوئی ۔ اب تک کورونا وائرس سے 91 ہزار 173 لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 87 ہزار 458 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں ۔ اب تک کورونا سے 46 لاکھ 71 ہزار 850 افراد شفایاب ہوچکے ہیں ۔ ہندوستان دنیا میں سب سے زیادہ متاثرین کے معاملہ میں دوسرے نمبر پر ہے ۔ یہی نہیں سب سے زیادہ اموات کے معاملہ میں وہ تیسرے نمبر پر ہے ۔ ساتھ ہی ہندوستان ایسا دوسرا ملک ہے ، جہاں سب سے زیادہ ایکٹیو کیسیز ہیں ۔
امریکہ برازیل جیسے ممالک میں کورونا وائرس کے معاملات اور اموات کی تعداد میں کمی آئی ہے ۔ ہندوستان ہی ایک واحد ملک ہے ، جہاں کورونا سب سے تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ حالانکہ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ممالک کی فہرست میں امریکہ پہلے نمبر پر ہے ۔ یہاں اب تک 71 لاکھ افراد اس وائرس کی زد میں آچکے ہیں ۔ امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 41 ہزار سے زیادہ نئے کیسیز سامنے سامنے آئے ہیں ۔ وہیں برازیل میں 24 گھنٹوں میں 32 ہزار سے زیادہ معاملات سامنے آئے ہیں ۔
ہندوستان کے مہاراشٹر میں بدھ کو 21 ہزار 29 نئے کیسیز سامنے آئے اور 19 ہزار 476 افراد شفایاب ہوئے ۔ ریاست میں اب تک 12 لاکھ 63 ہزار 799 افراد متاثر ہوچکے ہیں ، جن میں سے 9 لاکھ 56 ہزار 30 افراد شفایاب ہوچکے ہیں جبکہ دو لاکھ 73 ہزار 477 افراد زیر علاج ہیں ۔
وہیں دہلی میں بدھ کو کورونا وائرس کے 3714 نئے معاملات سامنے آئے ، جس کے بعد متاثرین کی کل تعداد دو لاکھ 56 ہزار سے تجاوز کرگئی ۔ کورونا وائرس سے مرنے والوں مریضوں کی مجموعی تعداد پانچ ہزار 87 تک پہنچ گئی ہے ۔ فی الحال دہلی میں 30 ہزار 836 افراد زیر علاج ہیں ۔ دہلی میں متاثرین کی مجموعی تعداد دو لاکھ 56 ہزار 789 ہوگئی ہے ۔