ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پچاس ہزار سے زیادہ کورونا وائرس نے نئے معاملات سامنے آئے ہیں ۔ حالانکہ مرنے والوں کی تعداد بھی روزانہ پانچ سو سے زیادہ سامنے آرہی ہے ۔ وہیں انفیکشن سے ٹھیک ہونے والوں اور ڈسچارج ہونے والوں کی تعداد بھی روزانہ 60 ہزار سے زیادہ ہے ۔
بدھ کی صبح آٹھ بجے سے جمعرات کی صبح آٹھ بجے تک ملک میں 55839 نئے معاملات سامنے آئے اور 702 لوگوں کی موت ہوئی ۔ وہیں اس دوران 79415 افراد ٹھیک ہوئے ۔ مرکزی وزارت صحت نے کہا کہ مرنے والوں میں 70 فیصد افراد کسی دیگر بیماری میں بھی مبتلا تھے ۔ کہا گیا ہے کہ وزارت اپنے اعداد و شمار کو آئی سی ایم آر سے ملا رہا ہے ۔
مرکزی وزارت صحت کے مطابق ملک میں فی الحال ایکٹیو کیسیز کی تعداد سات لاکھ پندرہ ہزار 812 ہے جبکہ ڈسچارج یا شفایاب ہوچکے افراد کی تعداد 68 لاکھ 74 ہزار 518 ہے ۔ ملک میں اب تک ایک لاکھ 16 ہزار 616 افراد کی موت ہوچکی ہے۔
جھارکھنڈ میں کورونا وائرس کے 647 نئے معاملات
اس کے ساتھ ہی جھارکھنڈ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 647 نئے معاملات سامنے آئے ہیں اور دو متاثرین کی موت ہوئی ہے ۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق ریاست میں کل معاملات بڑھ کر 98 ہزار 61 ہوگئے ہیں جبکہ مہلوکین کی تعداد 851 پہنچ گئی ہے ۔ ریاست میں 91 ہزار چار افراد شفایاب ہوچکے ہیں جبکہ چھ ہزار 106 افراد زیر علاج ہیں ۔
وہیں چھتیس گڑھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2360 نئے معاملات سامنے آئے ہیں ۔ ریاست میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 67 ہزار 639 ہوگئی ہے ۔ ریاست میں بدھ کو 399 افراد کو شفایاب ہونے کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دی گئی ۔