نئی دہلی:کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے نوٹوں کی منسوخی کے معاملے پر مودی حکومت پر اپنا حملہ جاری رکھتے ہوئے آج کہا کہ 500 اور 1000 روپے کے نوٹوں کو بند کرنے کے فیصلے سے ملک پٹری سے اتر گیا ہے ۔
مسٹر گاندھی نے پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر یہاں پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت ہندستان کے تانے بانے کو تباہ کر رہی ہے ۔ لوگ خوفزدہ ہیں ۔نوٹوں کی منسوخی اس کی ایک مثال ہے ۔
انہوں نے کہا کہ نوٹوں کی منسوخی کے فیصلے سے کچھ صنعتی گھرانوں اور کچھ امیر لوگوں کو فائدہ ہوا ہے ۔ اس فیصلے نے لوگوں کو خوفزدہ کر دیا ہے اور اب نفرت کی سیاست کی جا رہی ہے ۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو سہارا ڈائریوں میں آئے اپنے نام کے الزام کاجواب دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کہتے ہیں کہ وہ بدعنوانی کے خلاف لڑ رہے ہیں لیکن وہ الزامات کا جواب نہیں دینا چاہتے ۔