نئی دہلی، 17 نومبر (یو این آئی) سپریم کورٹ نے بدھ کو پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جسٹس راکیش کمار جین کو لکھیم پور کھیری قتل کیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی جانچ کی نگرانی کے لیے مقرر کیا ہے۔
چیف جسٹس این۔ وی رمنا کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کے دوران کہا کہ جسٹس راکیش کمار جین کی تقرری تحقیقات میں مکمل “منصفانہ اور آزادی” کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے۔ اتر پردیش حکومت نے ڈویژن بنچ کو تحقیقات کی نگرانی کی ذمہ داری ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کو سونپنے کے لیے اپنی رضامندی دی تھی۔
سپریم کورٹ نے اتر پردیش کی حکومت کو تین سینئر انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) افسران کی تقرری کرنے کی ہدایت دی ہے۔ این ایس شروڈکر، دیپندر سنگھ اور پدمجا چوہان کو بھی ایس آئی ٹی کی جانچ ٹیم میں شامل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ وہ چارج شیٹ داخل ہونے اور جسٹس جین کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد اس معاملے کی اگلی سماعت کرے گی۔
ڈیویژن بنچ کے سامنے سماعت کے دوران، یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل ہریش سالوے نے معاوضے کے معاملے پر کہا کہ ایک مسئلہ ہے کہ کیا یہ ان لوگوں کو دیا جائے جو ملزمان کے قتل کا الزام لگا رہے ہیں۔
سپریم کورٹ نے 15 نومبر کو اپنی آخری سماعت میں کہا تھا کہ وہ لکھیم پور کھیری تشدد واقعہ کی تحقیقات کی روزانہ کی نگرانی کے لیے کچھ ریٹائرڈ ججوں کے ناموں پر غور کرے گی۔
بنچ نے اترپردیش حکومت سے کہا تھا کہ وہ 03 اکتوبر کو ہوئے تشدد میں ہلاک ہونے والوں کو معاوضہ دینے کے معاملے میں مناسب کارروائی کرے۔ اس سے قبل 8 نومبر کو ڈویژن بنچ نے اتر پردیش پولیس کی تحقیقات پر سوال اٹھاتے ہوئے ریاستی حکومت کو پھٹکار لگائی تھی اور اسے حکومت کی ایس آئی ٹی جانچ کی نگرانی کرنے کو کہا تھا، جسٹس راکیش کمار جین، پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے سابق جج رنجیت سنگھ کی تقرری ریاستی حکومت کے سامنے رکھی گئی۔