نئی دہلی، 22 جولائی (یو این آئی) سپریم کورٹ نے پیر کو کانوڑ یاترا کے راستوں پر دکانداروں کو اپنے نام اور ملازمین کے نام ظاہر کرنے کے حکم پر روک لگاتے ہوئے متعلقہ ریاستوں کو نوٹس جاری کیا۔
یہ حکم جاری کرتے ہوئے جسٹس رشی کیش رائے اور جسٹس ایس وی این بھٹی کی بنچ نے کہا کہ وہ اس معاملے کی اگلی سماعت جمعہ کو کرے گی۔
عدالت عظمیٰ نے اتر پردیش، اتراکھنڈ اور مدھیہ پردیش کی حکومتوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کرنے کی ہدایت دی۔
اس سلسلے میں، این جی اوز کے علاوہ، ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر)، آل انڈیا ترنمول کانگریس ایم پی مہوا موئترا، ماہر تعلیم پروفیسر اپوروانند اور دیگر نے عدالت عظمیٰ میں عرضیاں دائر کی ہیں۔