نئی دہلی، 7 اگست ( یواین آئی ) ملک میں کورونا وائرس کووڈ 19 کی علامات ، اس کی جانچ ، نظم و نسق ، علاج اور علاج و معالجے کے نتائج کے اعداد وشمار اکٹھا کرکے کووڈ 19 کی نیشنل کلینیکل رجسٹری ( این سی آر سی ) تیار کی جا رہی ہے ۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) نے اس رجسٹری میں حصہ لینے لئے کووڈ کے وقف اسپتالوں اورہیلتھ سینٹروں سے لیٹر آف انٹینٹ بھیجنے کو کہا ہے ۔
آئی سی ایم آر نے جمعرات کی شب کو یہ اطلاع دی کہ کووڈ -19 کی نیشنل کنیلیکل رجسٹری تیار کرنے کے لئے وقف شدہ کووڈ اسپتالوں او کووڈ ہیلتھ سنٹروں کو لیٹر آف انٹینٹ بھیجنے کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔
مرکزی وزارت برائے صحت و خاندانی بہبود ، آئی سی ایم آر اور آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) ، نئی دہلی نے مل کر این سی آر سی بنانے کی تجویز پیش کی تھی تاکہ اس کے استعمال سے مریضوں کے انتظامات کی مکمل حکمت عملی تیار کی جاسکے، بیماری کی سنگینی اور اس کے علاج کے لئے پہلے اندازہ لگایا جا سکے ۔
آئی سی ایم آر نے کہا کہ کووڈ وقف اسپتالوں اور ہیلتھ سینٹر اعداد وشمار جمع کرنے کے لئے پرائمری سائٹ کے طور پر کام کریں گے۔ ان تمام سائٹس کی ملک بھر کے 15 میڈیکل انسٹی ٹیوٹ نگرانی کریں گے ۔ قومی سطح کے یہ 15 انسٹی ٹیوٹ رجسٹری کو تیار کرنے میں تعاون کریں گے۔