بیجنگ: مشرقی چین میں ہر سال ایک میلہ منعقد ہوتا ہے جس میں لوگ اپنے کیکڑوں کو خاص رنگوں سے سجا کر اور ان انسانوں جیسے کپڑے پہنا کر پیش کرتے ہیں۔
یہ سمندری میلہ گزشتہ 70 برس سے جاری ہے اور اس فیسٹیول کو ہونگزے لیک ہارویسٹ کا نام دیا گیا ہے جو ہوائی یان شہر کی سالانہ تقریبات کا ایک حصہ سمجھا جاتا ہے۔ اس فیسٹیول میں ایک خاص قسم کے مِٹن کیکڑے رکھے جاتے ہیں جن کے بارے میں عام تصور ہے کہ وہ ایک برس تک مزید زندہ رہتے ہیں کیونکہ انہیں پیش کرنے والے شرکا کا خیال ہے کہ مقابلے کے اسی سال انہیں کھانا ایک بُرا شگون ہوگا اور وہ ماڈل کیکڑے کو اگلے سال کھاتے ہیں۔
اگرچہ مِٹن کیکڑوں کی تعداد تیزی سے کم ہورہی ہے لیکن یہاں کے ماہی گیر ہر سال 6 ہزار ٹن کیکڑے پیدا کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جن کی افزائش ہونگزے جھیل کے کنارے کی جاتی ہے۔
کیکڑوں کے فیشن شو میں ہر سال سمندری غذائیں بنانے اور فروخت کرنے والی کمپنیاں بھی شریک ہوتی ہیں ۔ اس بار کیکڑوں کو شادی کے لباس میں بھی پیش کیا گیا جسے بہت سراہا گیا۔
اس کے علاوہ ایک کیکڑے کو چمکدار ربن پہنائی گئی تھی اور زمرے میں ہاتھوں سے پینٹ کئے گئے کیکڑے بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ دو کیکڑوں کو ریموٹ کنٹرول ڈرون سے اڑایا گیا ۔