قورمہ ایک ایسی ڈش مانی جاتی ہے جسے عموماً ہر بڑی تقریب میں ضرور تیار کیا جاتا ہے۔
لیکن عام طور پر خواتین یہ سوال ضرور پوچھتی نظر آتی ہیں جب وہ اپنے گھروں میں قورمہ تیار کرتی ہیں تو اس میں کبھی بھی ویسا مزا نہیں آتا جیسا شادیوں کے قورمے یا بازار میں ملنے والے قورمے میں آتا ہے۔
اگر آپ بھی اپنے باورچی خانے میں شادیوں میں بننے والے قورمے جیسا قورمہ تیار کرنا چاہتے ہیں تو یہاں دی گئی نہایت آسان ترکیب سے اسے گھر میں تیار کریں۔
اجزاء چھ سے آٹھ افراد کے لئے
تیل – چھ سے آٹھ اونس
مرغی یا بکرے کا گوشت- تین پاؤنڈ
ادرک – تازہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچ
لہسن – تازہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچ
پیاز – باریک کٹی ہوئی تین درمیانی
دارچینی – دو سے تین
لونگ – آدھی چائے کی چمچ
کالی مرچ – آدھی چائے کی چمچ
بڑی الائچی- دو سے تین عدد
چھوٹی الائچی- چودہ سے سولہ عدد
تیز پات – تین عدد
کیوڑا – دو کھانے کے چمچ
نمک – حسب ذائقہ
لال مرچ پاؤڈر – دو چائے کے چمچ
دھنیہ پاؤڈر- ڈیڑھ چائے کے چمچ
گرم مصالحہ – آدھا چائے کا چمچ
زیرہ پاؤڈر – ڈیڑھ چائے کا چمچ
دہی – بارہ اونس
بکرے کے گوشت کے لئے – چون سے چونسٹھ اونس پانی
مرغی کے گوشت کے لئے – چالیس سے اڑتالیس اونس پانی
طریقہ کار
تیل گرم کر کے اس میں پیاز سنہرا ہو جانے تک تل لیں پھر تیل سے چھان کر ایک طرف رکھ دیں-
اسی تیل میں ثابت مصالحے اور الائچی ڈال کر چند منٹ تلیں پھر اس میں گوشت ڈال دیں، تیز آنچ پر گوشت بھونیں ساتھ ہی اس میں دہی، ادرک لہسن، پسے ہوئے مصالحے نمک اور تلی ہوئی پیاز بھی ڈال دیں۔
دس سے پندرہ منٹ برابر چمچ چلائیں اور گوشت کو بھونیں۔ پانی ابال کر گوشت میں ڈالیں۔
شوربے کو تھوڑی دیر ابال آنے دیں پھر آنچ درمیانی کر دیں۔
اب اس میں تیز پات اور کیوڑا ڈال کر پکنے دیں، شوربہ گاڑھا ہوجانے تک گوشت گل جائے گا اور شوربے میں سے تیل الگ ہوجائے گا، آپ کا قورمہ تیار ہے۔