کرکٹ کے کھیل میں امپائر کے غلط فیصلہ کی وجہ سے بلے باز کا پویلین لوٹنا عام بات ہے اور کئی مواقع پر ایسا دیکھا گیا ہے کہ امپائر کے غلط فیصلہ کا خمیازہ صرف بلے باز ہی نہیں بلکہ پوری ٹیم کو بھی بھگتنا پڑ جاتا ہے ۔
فیصلہ کرنے میں امپائر سے غلطی ہونا میدان پر اکثر دیکھا گیاہے ، لیکن حال ہی میں بگ بیش لیگ کے دوران امپائر سے ایک ایسی غلطی ہوگئی جو شاید ہی آپ کو کبھی دیکھنے کو ملی ہوگی ۔
دراصل سڈنی سکسرز کے خلاف میچ میں پرتھ اسکورچرز کی اننگز کے دوران امپائر گیند باز کی گیندوں کو یاد نہیں رکھ پائے اور انہیں ساتویں گیند کرنے دی جس پر ایک بلے بازو کو آوٹ ہونا پڑگیا ۔ پرتھ اسکورچر کےسلامی بلے باز کلنگر اوور کی ساتویں گیند پر آوٹ ہوکر پویلین لوٹے ۔
براڈ کاسٹر نے اوور 7 گیندوں کا ہونے کی نشاندہی بھی کی – تاہم قوانین کی رو سے امپائر کا فیصلہ اپنی جگہ موجود رہا اور کلنگر کو پویلین واپس لوٹنا پڑا۔ اس میچ میں پرتھ اسکورچر نے سات وکٹ سے جیت حاصل کی ۔ ٹیم کی اس جیت میں بال ٹیمپرنگ معاملہ میں نو ماہ کی پابندی جھیل کر واپس لوٹے کمیرن بینکرافٹ کا اہم رول رہا ۔ انہوں نے 87 رنوں کی شاندار اننگز کھیلی۔