کورونا وائرس كووڈ -19 کے بڑھتے اثر اور ملک بھر میں 21 دن کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ایک طرف کرکٹ کی تمام سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہوئی ہیں تو دوسری طرف بین الاقوامی امپائر انل چودھری کو عجیب و غریب حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انل چودھری دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈي ڈي سي اے) سے جڑے ہوئے ہیں اور دہلی میں رہتے ہیں ۔ وہ ہندستان کے بین الاقوامی امپائروں میں سے ایک ہیں ۔ چودھری نے ہندستان کے بین الاقوامی میچوں اور آئی پی ایل میچوں میں امپايرنگ کی ہے۔ فی الحال کورونا کی وجہ سے ہرطرح کی کرکٹ ٹھپ ہے اور آئی پی ایل بھی 15 اپریل تک ملتوی ہے اور اس کے شروع ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔
چودھری اترپردیش کے شاملی میں واقع کاندھلہ کے گاؤں ڈاگرول کے رہائشی ہیں ۔ وہ تقریبا 20 دن پہلے اپنے گاؤں آئے تھے اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے گاؤں میں ہی پھنس گئے ہیں ۔ ان کے گاؤں میں موبائل نیٹ ورک کا بھاری مسئلہ ہے ، جس سے انہیں زبردست پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ گاؤں میں نیٹ ورک ٹھیک سے نہیں آتا ہے ، جس سے انٹرنیٹ نہیں چل پاتا ہے ۔ اس کی وجہ سے وہ بین الاقوامی امپائروں کی ویڈیو کانفرنسنگ سے نہیں جڑ پاتے ہیں۔
نیٹ ورک حاصل کرنے کے لئے چودھری کو کھیتوں کی طرف جانا پڑتا ہے اور نیٹ ورک سے جڑنے کے لئے درخت پر بھی چڑھنا پڑتا ہے۔ درخت پر چڑھنے سے کچھ بات تو ہو جاتی ہے لیکن انٹرنیٹ کی رفتار کافی کم رہتی ہے ۔ چودھری نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک تصویر شئیر کی جس میں وہ کھیت میں درختوں پر چڑھ کر موبائل سے بات کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔