گوا کے سابق رنجی کھلاڑی راجیش گھوڈگے ( 44) کی اتوار کو دوپہر مڈگاوں میں ایک مقامی سطح کے میچ کے دوران غش کھاکر گرجانے کے بعد موت ہوگئی ۔ یہ واقعہ راجیندر پرساد اسٹیڈیم میں دوپہر تقریبا ڈھائی بجے پیش آیا ۔ کرکٹر کو اسپتال پہنچنے کے بعد مردہ قرار دیا گیا ۔
مڈگاوں کرکٹ کلب نے اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا تھا ، جس کے ایک سینئر رکن نے بتایا کہ جب راجیش غش کھا کر گرے تو وہ نان اسٹرائیکر پر تھے ۔ اس کو فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا ۔ خبروں کے مطابق راجیش گھوڈگے کو دل کا دورہ پڑا تھا ۔
گھوڈگے 1999-2000 رنجی ٹیم کا حصہ تھے اور مقامی کرکٹ میں کافی سرگرم تھے ۔ گھوڈگے گوا کرکٹ ایسوسی ایشن کے ممبر بھی تھے ۔ وہ ٹیم سلیکٹر تھے ۔ واقعہ کے وقت گھوڈکے ایم سی سی چیلنجرس کی ٹیم کی جانب سے کھیل رہے تھے ، جس کا ایم سی سی ڈریگنس مقابلہ ہورہا تھا ۔