انگلینڈ اینڈ ویلس میں ورلڈ کپ کا 30 مئی سے آغاز ہوگا ۔ تاہم اس میگا ایونٹ کے آغاز سے پہلے سبھی 10 ٹیموں کی ایک مشترکہ پریس کانفرنس ہوئی ، جس میں سبھی کپتانوں نے سوالات کے جواب دئے ۔ پریس کانفرنس کے دوران ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ کو لے کر بھی ایک سوال کیا گیا ۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 16 جون کو اولڈ ٹریفرڈ میں ہونے والے مقابلہ کے بارے میں جب کوہلی سے سوال کیا گیا ، تو انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ ایک میچ ہے ، جس کو ہم ٹیم کے طور پر جیتنا چاہتے ہیں ۔ ہاں ، اس میں دباو ہوتا ہے کیونکہ اسٹیڈیم کا ماحول کافی الگ ہوتا ہے ۔ لیکن صرف میچ میں مقابلہ آرائی شروع ہونے سے پہلے ہی آپ اس کو محسوس کرتےہیں، میچ شروع ہوتے ہی یہ ہم سبھی کیلئے کرکٹ کا ایک میچ بن جاتا ہے ۔
وہیں اس سوال کے جواب میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ کا ہمیشہ سے انتظار رہتاہے ۔ لیکن اگر آپ کھلاڑیوں سے پوچھیں تو مداح جس طرح دیکھتے ہیں یہ اس سے بالکل الگ ہے ، جب آپ اسٹیڈیم میں داخل ہوتے ہیں تو فینس کی دلچسپی کو سمجھتے ہیں ، لیکن میدان پر قدم رکھتے ہی یہ کافی پیشہ ور ہوجاتا ہے ۔