نئی دہلی، یکم نومبر (یو این آئی) نیوزی لینڈ کے خلاف اتوار کو ٹی۔ 20 ورلڈ کپ کے میچ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی بڑی شکست کے بعد ٹیم پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ اب شائقین ہی نہیں سیاستدان بھی ٹیم سے جواب مانگ رہے ہیں۔
کانگریس لیڈر اور ایم پی ششی تھرور نے اس شکست کے بعد اپنی مایوسی کا اظہار کیا اور کپتان وراٹ کوہلی سے ہار کی وجہ پوچھی۔ انہوں نے پیر کو اس حوالے سے ایک ٹویٹ میں لکھاکہ “ہم نے انہیں مبارکباد دی ہے، ان کی تعریف کی ہے اور انہیں عزت دی ہے۔ ہمیں اس کے ہارنے پر کوئی اعتراض نہیں، لیکن ہمیں افسوس ہے کہ اس نے لڑا بھی نہیں۔ کپتان کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ کیا ہوا، ہم خود دیکھ سکتے ہیں، اسے بتانا ہوگا کہ ایسا کیوں ہوا۔ ”
واضح رہے کہ ٹی۔ 20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کا اب تک کا سفر کافی مایوس کن رہا ہے۔ اتوار کو اپنے دوسرے میچ میں ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف آٹھ وکٹوں سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل اسے پاکستان کے خلاف اپنے پہلے میچ میں بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔