ایک طرف جانب جہاں ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ میں ون ڈے سیریز جیت کر تاریخ رقم کردی ، وہیں اب نیوزی لینڈ سے ایک انتہائی بری خبر سامنے آئی ۔ خبر ہے کہ نیوزی لینڈ میں کھیلنے والے ہندوستانی نزاد کرکٹر کی میدان پر ہی موت ہوگئی ہے۔
مرنے والے کھلاڑی کا نام ہریش گنگا دھرن ہے ، جو گرین آئی لینڈ کرکٹ کلب کی سکینڈ گریڈ ٹیم کیلئے کھیلتے تھے ۔ 33سالہ گنگادھرن کی ڈونیڈن کے سنی ویل اسپورٹس سینٹر پر کھیلے جارہے میچ میں اچانک طبیعت خراب ہوگئی ، انہیں سانس لینے میں پریشانی ہوئی اور وہ زمین پر گر پڑے اور ان کی موت ہوگئی۔ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا وہ گیند بازی کررہے تھے ۔
نیوزی لینڈ کے اخباروں کی خبروں کے مطابق گنگادھرن نے میچ میں صرف دو اوور کی گیند بازی کی ۔ گرین آئی لینڈ کرکٹ کلب کے سربراہ جان موئل کے مطابق گنگادھرن ان کے کلب کی سکینڈ گریڈ ٹیم کیلئے کھیلتے تھے ۔ موئل نے حادثہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ میرا دل اس خبر کی تصدیق کرنے کے دوران ٹوٹا ہوا ہے۔ گرین آئی لینڈ کلب کے ہریش گنگادھرن کو ہر کوشش کے بعد بھی بچایا نہیں جاسکا ۔
خبروں کے مطابق گنگادھرن ٹیم کیلئے بلے بازی اور گیند بازی کی شروعات کرتے تھے ۔ گنگادھرن گرین آئی لینڈ کی طرف سے چھ سیزن سے کھیل رہے تھے۔ ہندوستان کے کوچی کے رہنے والے گنگادھرن پانچ سال پہلے ہی نیوزی لینڈ میں بس گئے تھے۔