ڈھاکہ۔ بنگلہ دیش میں چل رہے اے سی سی ایمرجنگ ٹیم ایشیا کپ 2019 میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے ہانگ کانگ کو مات دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔
ٹیم انڈیا نے پیر کے روز کھیلے گئے اس میچ میں 120 رنوں سے جیت درج کی۔ اس جیت کے ساتھ ہی اب ہندوستان کو فائنل میں پہنچنے کے لئے اپنے حریف پاکستان سے مقابلہ کرنا ہو گا۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بدھ کو سیمی فائنل میچ کھیلا جائے گا۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والا یہ ہائی وولٹیج مقابلہ ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں ہو گا۔ ہندوستانی وقت کے مطابق، یہ میچ صبح 8.30 بجے شروع ہو گا۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان نے ایک بھی میچ گنوائے بغیر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ پاکستان نے سری لنکا کو 90 رن، اومان کو 147 رن اور افغانستان کو 8 وکٹ سے مات دی تھی۔ وہیں ہندوستانی ٹیم نے تین میں سے دو میچ جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ہندوستان نے نیپال کو سات وکٹ، ہانگ کانگ کو 120رنوں سے ہرایا۔ حالانکہ بنگلہ دیش سے اسے 6 وکٹ سے ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ویسے پیر کے روز کھیلے گئے میچ کی بات کریں تو چنمے ستار اور شبھم شرما کے شاندار مظاہرہ کے بل پر ہندوستان نے ہانگ کانگ کو 120 رنوں سے ہرا دیا۔ ستار نے 85 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 104 جبکہ شبھم نے 55 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 65 رن کی اننگز کھیلی جس سے ہندوستان نے 50 اوور میں پانچ وکٹ پر 322 رن بنائے۔ سلامی بلے باز اور وکٹ کیپر بی آر شرت نے بھی 90 گیندوں میں 90 رن کی اننگز کھیلی۔