پاکستان کے تیز گیند باز محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہہ دیا ہے ۔ انہوں نے 27 سال کی عمر میں فوری اثر سے کرکٹ کے سب سے بڑے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے اس سلسلہ میں بیان جاری کرکے اطلاع دی ہے ۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد عامر ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ میں کھیلتے رہیں گے ۔ محمد عامر نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ سال رواں کی شروعات میں جنوبی افریقہ کے خلاف جوہانسبرگ میں کھیلا تھا ۔
محمد عامر نے سال 2009 میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میں ڈیبیو کیا تھا ۔ عامر نے 36 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں ۔ پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں محمد عامر کی طرف سے کہا گیا ہے کہ کھیل کے روایتی فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے ۔ میں نے سفید گیند کی کرکٹ پر اپنی توجہ مرکوز کرنے کیلئے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کیلئے کھیلنا میرا سب سے بڑا خواب تھا اور اگلے سال ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سمیت اگلے چیلنجوں میں ٹیم کیلئے اپنی سب سے بہترین پرفارمنس دینا چاہوں گا ۔ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنا آسان فیصلہ نہیں تھا اور کافی وقت سے اس بابت سوچ رہا تھا ، لیکن آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ جلد ہی شروع ہونے والی ہے اور پاکستان کے پاس کچھ بہترین نوجوان تیز گیند باز ہیں ، ایسے میں ٹیسٹ کرکٹ سے الگ ہونے کیلئے یہ مناسب وقت ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ محمد عامر نے پاکستان کیلئے 36 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں ، جس میں انہوں نے 11 وکٹ لئے ہیں ۔ ان کی سب سے بہترین کارکردگی 44 رن دے کر چھ وکٹ ہے ۔ انہوں نے چار مرتبہ اننگز میں پانچ وکٹ لئے ہیں ۔ ورلڈ کپ 2019 میں بھی انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور 8 میچوں میں 17 وکٹ لئے تھے ۔ ون ڈے میں انہوں نے 59 میچوں میں 77 وکٹ لئے ہیں ۔