پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ شروع ہوچکا ہے ۔ پاکستان کو باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے دن دوسرے ہی اوورس میں امام الحق کے طور پر پہلا جھٹکا لگا ۔ امام الحق کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین کی راہ لوٹ گئے ۔ انہوں نے 9 گیندوں کا سامنا کیا اور پھر کگیسو ربادا کے شکار بن گئے ۔
امام الحق کے صفر پر آوٹ ہونے کے بعد اب ان کا سوشل میڈیا پر جم کر مذاق اڑایا جارہا ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ ٹیم سلیکشن کو لے کر چیف سلیکٹر انضمام الحق پر بھی انگلیاں اٹھائی جارہی ہیں ۔ خیال رہے کہ امام الحق انضما م کے بھتیجے ہیں اور اسی کو لے کر کرکٹ شائقین انضمام کی تنقید کررہے ہیں ۔
ایک ٹویٹر یوزر نے لکھا کہ امام الحق نہ تو بلے بازی کرسکتے ہیں ، نہ فیلڈنگ ، وہ انڈر 12 کرکٹ لیگ میں بھی سلیکٹ ہونے کے قابل نہیں ہیں ، مگر ان کے چچا کا شکریہ ۔ پاکستان کی ٹیم صرف 10 کرکٹر اور ایک سفارشی کے ساتھ کھیل رہی ہے ۔
خیال رہے کہ پاکستان کی ٹیم اب تک جنوبی افریقہ میں کوئی ٹیسٹ سیریز اپنے نام نہیں کرسکی ہے اور گزشتہ 10 سال کے دوران پاکستان نے پروٹیز سرزمین پر کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا۔