بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے پراپرٹی کے بزنس میں دلچسپی دکھاتے ہوئے ایک اور مہنگا ترین بنگلا خرید لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی نے ممبئی کے قریب ایک نئی آبادی میں 6 کروڑ روپے کا بنگلا خریدا ہے۔اس حوالے سے میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ لگژری بنگلا علی باغ میں ہے۔رپورٹس کے مطابق 2 ہزار اسکوائر فٹ کے بنگلے میں 400 اسکوائر فٹ کا سوئمنگ پول بھی ہے۔
میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مصروف ہونے کے باعث ویرات کوہلی کے بھائی نے 36 لاکھ روپے کی اسٹیمپ ڈیوٹی دی۔ میڈیا کے مطابق اس علاقے میں 3 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی اور ان کی اہلیہ اداکارہ انوشکا شرما کی اسی علاقے میں یہ دوسری پراپرٹی ہے، دونوں شخصیات نے 19.24 کروڑ بھارتی روپے میں 36 ہزار اسکوائر فٹ کا فارم ہاؤس بھی خریدا ہے۔
میڈیا کے مطابق اس پراپرٹی کی بھی 1.15 کروڑ بھارتی روپے کی ڈیوٹی ویرات کوہلی کے بھائی وِکاص کوہلی نے دی تھی۔