ایٹہ:اترپردیش میں ایٹہ کے نیاگاؤں علاقے میں دو فرقوں کے درمیان کنبہ کی مرضی کے خلاف شادی کرنے کی وجہ سے فائرنگ، آگ زنی اور مارپیٹ کے واقعہ سے کشیدگی پھیل گئی ہے ۔سیکورٹی کے پیش نظر گاؤں میں اضافی پولیس فورس تعینات کردی گئی ہے ۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنجے کمار نے آج یہاں بتایا کہ ندرالا گاؤں میں گزشتہ 23 مارچ کو ایک نوجوان دوسرے فرقہ کی لڑکی کو بھگاکر لے گیا اور عدالت میں جاکر شادی کر لی جس کی وجہ سے دونوں فرقوں کے درمیان کشیدگی پھیل گئی ۔
ایک فرقہ کے لوگوں نے اپنے شوہر کو دوا دلواکر لوٹ رہی دوسرے فرقہ کی خاتون کا اغوا کر لیا جبکہ دوسرے گروپ کے کچھ نوجوانوں نے دو لوگوں کو اغوا کرکے یرغمال بنا لیا۔انہوں نے بتایا بعد میں جب ایک فرقہ نے عورت کو چھوڑا تبھی دوسرے فرقہ نے بھی دونوں نوجوانوں کو چھوڑ دیا ۔
اس درمیان دونوں طرف سے کئی راؤنڈ فائرنگ، آتش زنی اور مارپیٹ کے واقعات بھی ہوئے ۔ اس بابت دونوں فرقوں نے ایک دوسرے کے خلاف نیاگاؤں تھانے میں مقدمہ درج کرایا ہے ۔ علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر بڑی تعداد میں پولیس اور پی اے سی فورس تعینات کردی گئی ہے ۔