لکھنؤ:19 اکتوبر(یواین آئی) اترپردیش پولیس نے ہندو توا لیڈر کملیش تیواری کے قتل کے معاملے میں 5 افراد بشمول گجرات کے سورت سے تین اور بجنور سے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔
یو پی کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس او پی سنگھ نے پانچ افراد کے حراست کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قتل کے واردات میں سورت اور بجنور کا بڑاہاتھ ہے۔انہوں نے اس معاملے میں ابھی تک کسی بھی قسم کے دہشت گردی کے لنک سے انکار کیا ہے۔
گجرات اور یو پی پولیس کی جانب سے گرفتار کئے گئے تمام ہی پانچ افراد کے خلاف سابق میں کوئی بھی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ۔
سنیچر کو اس ضمن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ تیواری کے قتل کی سازش رچنے والے راشد احمد پٹھان، فیضان، مولانا معین شیخ سلیم کو گجرات کے سورت سے حراست میں لیا گیا ہے جبکہ مفتی محمد نعیم کاظمی اور مولانا انوارالحق کو یو پی کے ضلع بجنور سے گرفتار کیا گیا ہے۔ الزام ہے کہ ان لوگوں نے 3 سال قبل تیواری کے سر پر 51 لاکھ روپئے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔