مرادآباد:11جون(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع مرادآباد کے کٹگھر علاقے میں منگل کی صبح ایک مسجد کے امام کا گولی مار کرقتل کردیا گیا۔ایس پی(شہر) اکھلیش بھدوریا نے بتایا کہ آج صبح مہا نگر سے منسلک کٹگھر تھانہ علاقے کے گاؤں بھینسیا میں امام کی لاش کھنڈہر میں پڑی ملی ہے ۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور فورنسک ٹیم فورا موقع پر پہنچ گئی۔ معاملے کی تفصیل سے تحقیق کی جارہی ہے ۔ اہل خانہ کسی بھی طرح کی رنجش کی بات سے انکار کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ رامپور کے سوار تھانہ علاقے کے چاؤ پورا مسواسی گاؤں باشندہ مولانا اکرم(36) مرادآباد سے منسلک بھینسیا گاؤں کی بڑی مسجد میں گذشتہ کئی سالوں سے نماز پڑھاتے تھے ۔ وہ مکان بنا کر بیوی اور تین بچوں کے ساتھ گاؤں میں ہی رہے تھے ۔ واقعہ کے وقت بیوی گھر پر نہیں تھی۔ وہ گذشتہ دو تین دن سے رشتہ داری میں گئی ہوئی تھی۔ امام اپنے گھر کی دوسری منزل پر سورہے تھے ۔مانا جارہا ہے کہ منگل کی صبح فون کے ذریعہ گھر سے باہر بلائے جانے کے بعد کھنڈر میں لے جاکر مولانا اکرم کے سینے میں گولی ماری گئی ہے ۔ پولیس اس ضمن میں قتل سے جڑے حقائق کے علاوہ متوفی کی بیوی سے بھی جانکاری حاصل کررہی ہے ۔