بلندشہر:23نومبر(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع بلند شہر کے نرورا قصبے میں مسلح بدمعاشوں نے زیورات کے ایک دوکان میں گھس کر قیمتی زیورات کو لوٹ لیا اور مخالفت کرنے پر صرافہ کاروباری کو گولی ماردی جن کی دوران علاج موت ہوگئی۔حادثے کے بعد بدمعاش موقع سے فرار ہوگئے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنتوش کمار سنگھ نے آج یہاں کہا کہ اتوار کی دیر شام آٹھ بجے صرافہ کاروباری روہتا ش شرما اپنی دوکان بند کرنے کی تیاری کررہے تھے۔ اچانک تین بدمعاش خریدار بن کر دوکان میں داخل ہوئے اور وہاں رکھے زیورات کو لوٹنے کی کوشش کی۔ یہ دیکھ روہتاس نے اپنی لائسنسی پستول نکال کر لوٹ کی مخالفت کی تو بدمعاشوں نے انہیں گولی ماردی۔
فائرنگ کا آواز سن کر وہاں آس پاس کے لوگ پہنچے اور روہتاس کو خون میں لت پت دیکھ کر انہیں علاج کے لئے نزدیک اسپتال میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ پولیس نے دوکان میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر لٹیروں کو جلد ہی گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔اس ضمن میں پولیس کی کئی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔