پاکستان کے سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کے چیف جسٹس کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اطلاعات کے مطابق لندن میں پاکستان کے سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو نواز شریف کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کا خوب علم ہے۔ ان کے ساتھ نواز شریف بھی موجود تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف روزانہ اپنی صاحب زادی کے ساتھ احتساب عدالت میں پیش ہوتے رہے، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو تب ن لیگ کے قائد پر ہونے والا ظلم کیوں یاد نہیں آیا؟ انہوں نے مزید کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ بعض لوگوں کو ہدایت عطا فرمائے، پوچھتا ہوں جب نواز شریف اور ان کی صاحب زادی جیل میں تھے تو اس وقت چیف جسٹس کہاں تھے؟
پاکستان کے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس دوران نواز شریف کی بھرپور کوشش کے باوجود اُن کی بات بیمار اہلیہ سے نہیں کروائی گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کے ساتھ دہرا معیار اپنایا گیا اور یہ دہرا معیار ہی تھا کہ بعض افراد کے لئے پاکستان کے نظام انصاف کو تباہ کردیا گیا۔