لکھنؤ: انفورسمنٹ ڈائر یکٹوریٹ (ای ڈی) نے جے آر سود اینڈ کمپنی کے33.4کروڑ روپئے کی جائیدادوں کو ضبط کیا، جس نے ایکسس بینک کے ساتھ جعلسازی کی تھی۔ دہلی کی ایک کمپنی کی یہ پراپرٹی گڑگاؤں کے راج ووڈ سٹی میں ہے۔ اس دھوکہ دہی کا معاملہ نوئیڈا میں درج کیا گیا تھا۔
الزام تھا کہ کچھ لوگوں نے جعلی دستاویزات اور شناختی کارڈ سے بینک اکاؤنٹس کھولے تھے۔ ان کھاتوں کا استعمال بند ہوچکے 500 اور 1000 روپئے کے نوٹوں کو جمع کرنے کے لئے کیا گیا تھا۔ کروڑوں روپئے کی جعلسازی ہونے کے بعد ای ڈی نے بھی اس معاملے میں جانچ شروع کی تھی۔
ای ڈی کی ٹیم نے اس معاملے میں کئی ثبوت جمع کئے۔ اس دوران یہ بات سامنے آئی کہ کچھ لوگوں نے 23 جعلی کمپنیوں کے نام پر 23 بینک اکاؤنٹس کھلوائے۔ پھر ان کھاتوں میں بند کرائے گئے نوٹ ہی جمع کئے گئے۔
ان کھاتوں میں تقریباً 52 کروڑ روپئے کی رقم جمع تھی پھر یہ رقم ایک نیٹ ورک کے ذریعے اِدھر سے اُدھر منتقل کی گئی۔ اس دوران جعلسازوں نے حقیقی کاروباری لین دین چھپا رکھا تھا۔ اس کے لئے مختلف اوقات میں لین دین کیا گیا اور یہ رقم دوسری جگہ بھیجی گئی۔ ای ڈی کی جانچ سے پتہ چلا کہ کئی اداروں نے یہ رقم جے آر سود اینڈ کمپنی کو پہنچائی۔
اس کمپنی کے ڈائریکٹر کا نام بھی حتمی مستفیدین کی فہرست میں تھا۔ ای ڈی نے پہلے اس کمپنی کی جائیداد ضبط کرنے کا نوٹس بھیجا تھا۔ پھر جے آر سود کمپنی کا 78.781مربع میٹر رہائشی پلاٹ ضبط کر لیا گیا ہے۔ اس کی قیمت 4 کروڑ 33 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ فی الحال ای ڈی اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔