سری نگر، 24 ستمبر (یو این آئی) وسطی ضلع بڈگام کے بادی پورہ چاڈورہ میں جمعرات کی صبح جنگجوؤں نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک پارٹی پر حملہ کر کے ایک اہلکار کو ہلاک کر دیا۔
حملہ آور مہلوک اہلکار سے اس کی سروس رائفل بھی چھین کر لے گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بادی پورہ چاڈورہ میں جمعرات کی صبح قریب پونے آٹھ بجے موٹر سائیکل پر سوار جنگجوئوں نے 117 بٹالین سی آر پی ایف کے اہلکاروں کی طرف پہلے گرینیڈ پھینکا اور پھر اندھا دھند فائرنگ کی۔
انہوں نے کہا کہ حملے میں سی آر پی ایف کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر این بڈولے ساکنہ ناگپور شدید طور پر زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر سری نگر میں واقع فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں نے سی آر پی ایف اہلکار کو زخمی کر دینے کے بعد اس سے اس کی سروس رائفل بھی چھین لی۔