سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ایک ذمہ دار ذریعے نے بتایا ہے کہ کرونا کی وبا کے بڑھتے خطرات کے پیش نظردمام میں قائم دوسرے صنعتی شہر کو سیل کردیا گیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق وزرات داخلہ کے عہدیدار نے بتایا کہ دمام میں دوسرے صنعتی شہر کو آج 10 رمضان المبارک سے تا حکم ثانی سیل کردیا گیا ہے۔ شہر میں کے اندر اور باہر سے کسی قسم کی ٹریفک کی اجازت نہیں۔ البتہ مال برادر گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ اہم نوعیت کی صنعتوں کے ملازمین، انتظامیہ کے عہدیداروں اور دیگرمجاز اداروں کے افراد کو بھی داخلے کی اجازت ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج اتوار کے روز دمام شہر کی الاثیر کالونی میں پابندیوں میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ الاثیر کالونی میں 15 اپریل کو لاک ڈائون کیاگیا تھا اور کالونی کے باہر سے شہریوں کی آمد ورفت بند کردی تھی۔