دبئی : جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کاک کوسری لنکا کے خلاف کولمبو میں منگل کو جیت کے ساتھ اختتام پذیر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی کی بدولت آئی سی سی کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ ٹی 20 بلے بازی رینکنگ میں کافی فائدہ ہوا ہے ڈی کوک تین میچوں کی اس سیریز میں 153 رن بناکر ٹاپ اسکورر رہنے کے بعد چارمقامات کے فائدے سے کیرئر کے بہترین آٹھویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔
منگل کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں انہوں نے 46 گیندوں پر 59 رنز کی ناقابل شکست نصف سنچری اننگ کھیلی تھی اور ٹیم کو 10 وکٹوں کی فتح سے ہمکنار کیاتھا۔
یہ پہلا موقع ہے جب ڈی کوک ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ 10 میں آئے ہیں، حالانکہ ون ڈے اور ٹیسٹ میں ان کے کیریئر کی بہترین پوزیشنیں بالترتیب تیسری اور چھٹی ہے۔