کانپور: ککوان تھانہ علاقہ میں نابالغ لڑکی کی آبروریزی کے بعد بدمعاشوں نے بیہوشی کی حالت میں متاثرہ کے ہاتھ پیر کو باندھ کر کھیت میں پھینک دیا۔گاؤں کے لوگوں نے آج صبح لڑکی کو کھیت میں پڑاہوادیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے متاثرہ کی شناخت کرتے ہوئے اسے اسپتال میں داخل کرایا لیکن ڈاکٹروں نے اسے ہیلٹ اسپتال بھیج دیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ موصولہ خبر کے مطابق ککوان تھانہ کے قریب گیہوں کے کھیت میں آج صبح سولہ سالہ لڑکی کو مقامی لوگوں نے بیہوشی کی حالت میں دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچ کر پولیس نے لڑکی کی شناخت گاؤں کے باشندے رام چندر کی سولہ سالہ بیٹی گولڈی کے طور پر کی۔پولیس نے فوری طور پر اسے طبی مرکز میں داخل کرایا جہاں ابتدائی علاج کے بعد اسے ہیلٹ اسپتال بھیج دیا گیا۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد ایس پی دیہات ڈاکٹر انل کمار مشرا موقع پر پہنچے اور انہوں نے تفتیش کا حکم دیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہیلٹ اسپتال میں علاج کے دوران لڑکی کی موت ہوگئی۔ پولیس نے لاش کا پنچنامہ کرنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔لڑکی کے والدین نے تھانہ میں اجتماعی آبروریزی کامقدمہ درج کرایا ہے۔ پولیس ملزمین کو سرگرمی سے تلاش کررہی ہے۔