نئی دہلی، 17 جنوری ؛ پدم وبھوشن ایوارڈ یافتہ کتھک ڈانسر گرو پنڈت برجو مہاراج کا پیر کو یہاں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔ان کی عمر 83 برس تھی۔ انہوں نے دہلی کے ساکیت کے ایک اسپتال میں آخری سانس لی۔
پنڈت برجو مہاراج کے پوتے سوارنش مشرا نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں لکھا، “میرے داداجی جی نہیں رہے۔ مجھے افسوس کے ساتھ بتانا پڑرہا ہے کہ انہوں نے 17 جنوری 2022 کو آخری سانس لی۔ وہ 4 فروری 1938 کو ہڈیہ، اتر پردیش میں کتھک ڈانسروں کے خاندان میں پیدا ہوئے۔ برجو مہاراج صرف نو سال کے تھے جب ان کے والد پنڈت لچھن مہاراج کا انتقال ہو گیا۔
پنڈت برجو مہاراج نے ملک اور ملک سے باہر کئی پروگراموں میں کتھک رقص کا مظاہرہ کیا تھا۔
ان کا اصل نام موہن لال مشرا تھا، لیکن ان کی شہرت پنڈت برجو مہاراج کے نام سے پھیلی۔ وہ لکھنؤ کالیکا بندہ دین گھرانے کے فنکار تھے۔ ان کے چچا شمبھو مہاراج اور لچھو مہاراج بھی کتھک رقص میں ماہر تھے۔
اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پنڈت برجو مہاراج کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ آدتیہ ناتھ نے کہا، ’’پنڈت برجو مہاراج نے اپنے فن اور ہنر سے پوری دنیا میں ملک اور ریاست کا سر فخر سے بلند کیا تھا۔ وہ کلاسیکی کتھک رقص کے لکھنؤ کالیکا-بندادین گھرانے کے ایک سرخیل رقاص تھے۔ ان کی موت سے فن کی دنیا کو جو نقصان ہوا ہے اس کی تلافی مشکل ہے۔ آنجہانی کی آتما کی شانتی کیلئے دعا کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے پنڈت برجو مہاراج کے سوگوار کنبہ کے افراد سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔