ینگون، 20 ستمبر (یو این آئی) میانمار میں سمندری طوفان ‘یاگی’ کی وجہ سے ہونے والی شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 293 ہو گئی ہے، جب کہ 89 لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔
جمعہ کے روز شائع سرکاری روزنامہ دی مرر کی ایک رپورٹ کے مطابق، سیلاب سے ملک بھر کے علاقوں اور صوبوں کے کئی قصبوں میں لوگ متاثر ہوئے ہيں، جن میں پیی تاو کے مرکزی علاقے بھی شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ جمعرات کی صبح تک، 47,019 گھروں کے تقریباً 1,61,592 سیلاب سے متاثرہ افراد نے 425 امدادی پناہ گاہوں میں پناہ لی۔
سیلاب کی وجہ سے تقریباً 7,66,586 ایکڑ فصلیں بھی زیر آب آگئیں اور اس دوران تقریباً 1,29,150 جانوروں کی موت ہوگئی۔
واضح رہے کہ سمندری طوفان ‘یاگی’ کی وجہ سے ہونے والی شدید بارشوں کے سبب جنوب مشرقی ایشیائی ملک میانمار میں تباہ کن سیلاب آیا ہے۔ مقامی حکام، امدادی تنظیمیں اور باشندگان مشترکہ طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو صاف کر رہے ہیں، اور سیلاب زدگان میں خوراک اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کر رہے ہیں۔