نئی دہلی ، 4 مارچ ؛ ملک کی کچھ ریاستوں میں کورونا وائرس (کووڈ 19) کے انفیکشن میں اچانک آئی شدت کے درمیان اس وبا سے مرنے والے افراد کی تعداد میں کمی آرہی ہے لیکن فعال کیسز میں اضافہ ہوا ہے ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مرنے والوں کی تعداد میں کمی اور فعا ل کیسز میں اضافہ ہوا ہے
مسلسل دو دنوں سے کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 100 سے زائد درج کی جا رہی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان میں کمی درج کی گئی اور ان کی تعداد 89 رہ گئی ہے۔ اسی دوران کورونا سے نجات پانے والوں کی تعداد کم رہنے سے سے فعال کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ دریں اثنا ملک میں اب تک ایک کروڑ 66 لاکھ 16 ہزار 48 افراد کو کورونا کے ٹیکے لگائے گئے ہیں ۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعرات کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 17،407 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 11 لاکھ 56 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14،031 مریض صحتیاب ہوئے ہیں ، جس سے اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ آٹھ لاکھ 26 ہزار 75 ہو گئی ہے ۔ فعال کیسز 3287 بڑھنے سے 1.73 لاکھ سے زائد ہو گئے ۔ اسی دوران 89 مریضوں کی موت ہونے سے اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 57 ہزار 435 ہوگئی ہے۔
ملک میں شفا یابی کی شرح کم ہو کر 97.03 رہ گئی ہے اور فعال کیسز کی شرح کم ہو کر 1.55 فیصد ہو گئی ہے جبکہ شرح اموات اب بھی 1.41 فیصد ہے۔
مہاراشٹر کورونا کے فعال کیسز کے معاملے میں سرفہرست ہے اور ریاست میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3254 فعال کیسز بڑھنے سے ان کی تعداد 83،556 ہو گئی ہے ۔ ریاست میں 6559 مریض صحتیاب ہوئے ہیں ، جس سے کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد بڑھ کر 20.43 لاکھ ہوگئی ، جبکہ مزید 42 مریضوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 52،280 ہوگئی ہے۔