وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی طبیعت کل صبح اچانک بگڑ گئی جس کے بعد انہیں دہلی کےایمس میں داخل کرایا گیا، جہاں فی الحال انہیں ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی طبیعت کل یعنی 11 جولائی کو اچانک بگڑ گئی، جس کے بعد انہیں دہلی ایمس کے نیورو سرجری ڈیپارٹمنٹ میں داخل کرایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انہیں کمر میں درد کی شکایت کے بعد ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔ فی الحال ان کی حالت بہتر ہے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے 10 جولائی 2024 کو اپنی 73 ویں سالگرہ منائی ۔ ملک کے تمام لیڈروں نے انہیں مبارکباد دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : ’آخر وزیر اعظم منی پور پر اپنا منھ کب کھولیں گے‘؟ پرینکا گاندھی نے پی ایم مودی اور حکومت کی خاموشی پر اٹھایا سوال
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی سالگرہ پر وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے انہیں کابینہ کا قابل قدر ساتھی قرار دیا۔ انہوں نے لکھا تھا کہ راج ناتھ سنگھ ایک ایسے رہنما ہیں جن کی ذہانت کے لیے بڑے پیمانے پر احترام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے محنت اور خدمت کے عزم کی بنیاد پر عوامی زندگی میں ترقی کی ہے۔ وہ ہندوستان کے دفاعی نظام کو مضبوط بنانے اور ہمارے ملک کو اس میدان میں خود کفیل بنانے میں پیش پیش ہیں۔ ان کی لمبی اور صحت مند زندگی کے لیے دعاگو ہوں۔”
واضح رہے کہ مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو فی الحال ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ اسپتال کے حکام نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں داخلے کے بعد یہ جانکاری دی ہے۔ ایمس کے میڈیا سیل کی انچارج ڈاکٹر ریما دادا نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ وزیر دفاع کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے۔ ان کی صحت اب مستحکم ہے اور انہیں ڈاکٹروں کی مکمل نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وقتاً فوقتاً ان کی جانچ کی جارہی ہے۔73 سالہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو کل صبح اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہیں پرانے پرائیویٹ وارڈ میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔