نئی دہلی ، 27 ستمبر (یو این آئی) کسانوں کے بھارت بند کے پیش نظر دارالحکومت دہلی میں پیر کو سخت حفاظتی نگرانی کی جارہی ہے۔
لال قلعہ اور پارلیمنٹ کی طرف جانے والے کئی راستوں پر عام گاڑیوں کی آمدورفت پر احتیاطی اقدام کے طور پر آج صبح عارضی طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
جس کی وجہ سے لال قلعہ اور انڈیا گیٹ کے اطراف سے گزرنے والے راہگیروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دہلی کے لال قلعے کے نزدیک سے اکثر گزر نے والے ماڈل ٹاؤن کے رہائشی اشوک کمار اور دلیپ سنگھ سمیت کئی لوگوں نے بتایا کہ سڑک کی ناکہ بندی کے بارے میں پہلے کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ ٹریفک پولیس کو اس بارے میں پہلے ہی آگاہ کر دینا چاہیے تھا۔
وہیں نئی دہلی کے علاوہ بیرونی دہلی ، مشرقی اور شمال مشرقی اضلاع میں بھی اضافی پولیس فورس کی تعیناتی کے ساتھ ٹریفک کی خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے۔ کسانوں کے احتجاجی مقامات ٹکری اور غازی پور بارڈر سمیت ہریانہ اور اترپردیش سے دہلی میں داخلے کے تمام راستوں پر اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے ۔ دہلی پولیس کے علاوہ سیکورٹی کے لیے مرکزی نیم فوجی دستوں کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔