نئی دہلی،8دسمبر؛دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے رانی جھانسی روڈ کے نزدیک اناج منڈی میں اتوار کی صبح ایک چار منزلہ عمارت میں لگی شدید آگ کے عدالتی جانچ کا حکم دیا ہے اور ہلاک شدگان کے گھروالوں کو دس لاکھ اور زخمیوں کے گھروالوں کو ایک لاکھ روپے بطور امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے
وزیراعلی نے کہا کہ اس معاملے میں جو بھی قصوروار ہوگا اسے سخت سے سخت سزا دی جائےگی۔مسٹر کیجریوال نے صبح جائےوقوع کادورہ کرے ہلاک شدگان کے گھروالوں کو دس دس لاکھ اور زخمیوں کے گھروالوں کو ایک ایک لاکھ روپے بطور مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے جائے وقوع کا دورہ کرنے کے بعد ایل این جے پی جاکر زخمیوں سے ملاقات کی۔انہوں نے یہاں ڈاکٹروں سے بھی بات چیت کرکے زخمیوں کا احوال معلوم کیا اور کہا کہ زخمیوں کے علاج کا خرچ دہلی حکومت اٹھائےگی۔
اس شدید حادثے میں اب تک 43افراد کی موت ہوچکی ہے اور جھلسے لوگوں کو رام منوہر لوہیا ،ہندر راو اسپتال ،صفدرجنگ ،لیڈی ہارڈنگ اور لوک نائک جے پرکاش اسپتال میں داخل کرایاگیا ہے۔
عمارت میں اتوار کی صبح شدید آگ لگ گئی جس میں کم از کم 43 افراد کی دم گھٹنے سے موت ہو گئی اور مرنے والوں کی تعداد میں ابھی مزید اضافہ ہو سکتاہے۔ فائر بریگیڈ کے افسر کے مطابق واقعہ کی اطلاع صبح پانچ بجکر 20 منٹ کے قریب موصول ہوئی اور اس کے بعد فوری طور پر فائر بریگیڈ کی 25 سے زائد گاڑیوں کو موقع پر بھیجا گیا ۔ افسر کے مطابق عمارت سے باہر نکالے گئے لوگوں کو نزدیکی لوک نائک جے پرکاش اسپتال (ایل این جے پی ) اور ہندو راؤ اسپتال میں علاج کے لئے بھیجا گیا ۔ حادثے میں دم گھٹنے کی وجہ سے کم از کم 43 افراد کی موت ہو گئی ہے اور بڑی تعداد میں دونوں اسپتالوں میں لوگوں کا علاج کیا جا رہا ہے ۔ مرنے والوں کی تعداد میں ابھی مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔ ایل این جےپي اسپتال میں لائے گئے 34 افراد کی موت ہو چکی ہے اور بڑی تعداد میں زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے ۔اس دوران نیشنل ڈیزاسٹررسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کا عملہ مو قع پر پہنچ گیا ہے ۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو تنگ گلیاں ہونے کی وجہ سے جائے وقوعہ پر پہنچنے میں کافی مشقت کرنی پڑی ۔
صدر جمہوریہ رام ناتھ كووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی کے رانی جھانسی روڈ کے نزدیک اناج منڈی میں اتوار کو شدید آتشزدگی پر گہرافسوس کا اظہار کیا ۔
مسٹر كووند نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا’’دہلی کی اناج منڈی میں آگ لگنے کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا ۔ میری تعزیت اور دعائیں سوگوار کنبوں کے ساتھ ہیں ۔ زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتا ہوں ۔ مقامی افسرلوگوں کو بچانے اور ان کی ا مداد کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں‘‘۔مسٹر مودی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا’’دہلی کے رانی جھانسی روڈ کے نزدیک اناج منڈی میں لگی آگ بہت خوفناک ہے ۔ حادثے میں اپنے خانہ افراد کو کھونے والے لوگوں کے ساتھ میری تعزیت ۔ زخمیوں کے جلد صحتیاب ہونے کی دعا کرتا ہوں ۔ افسر جائے وقوعہ پر ہر ممکن امداد فراہم کر رہے ہیں‘‘۔اس دوران کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا’’دہلی کی اناج منڈی میں شدید آگ لگنے سے کئی لوگوں کی موت اور کئی دوسرے کے زخمی ہونے کی خبر سے دلبرداشتہ ہوں ۔ سوگوار کنبوں کے تیئں میں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتا ہوں ‘‘۔
کانگریس کی سینئر لیڈرپرینکا گاندھی واڈرا نے دہلی کے اناج منڈی علاقے میں ہوئے شدید حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور ان کے گھروالوں کے تئیں تعزیت ظاہر کی ہے محترمہ واڈرا نے ایک ٹویٹ میں کہا،’’دہلی کی اناج منڈی میں آگ لگنے کی خبر کافی پریشان کرنے والی ہے۔ہلاک شدگان کے کنبے اور رشتہ داروں کے ساتھ میری تعزیت ہے۔زخمیوں کے جلدصحت مند ہونےکی دعا کرتی ہوں۔امید ہے کہ راحت اور بچاؤ کام جلد از جلد اور مناسب انداز میں کیا جائےگا۔
دہلی کے اناج منڈی علاقے میں صبح شدید آگ لگ گئی تھی جس میں کئی لوگوں کی موت ہوگئی متعدد زخمی ہوگئے۔