نئی دہلی، 21 مئی (یو این آئی) قومی راجدھانی میں چلچلاتی گرمی اور لو کے پیش نظر دہلی حکومت نے تمام نجی اور سرکاری امداد یافتہ اسکولوں کو فوری طور پر 30 جون تک گرمیوں کی تعطیلات رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
پیر کو ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں تمام اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس تعلیمی سال میں 11 مئی سے 30 جون تک فوری طور پر موسم گرما کی تعطیلات رکھیں۔
محکمہ تعلیم نے کہا کہ دیکھا گیا ہے کہ کچھ سرکاری اور غیر امدادی پرائیویٹ اسکول اس شدید گرمی اور لو میں بھی کھلے ہیں۔ محکمہ نے کہا کہ دہلی میں سرکاری امداد یافتہ اور غیر امدادی نجی اسکولوں کے علاوہ تمام اسکولوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
حالیہ دنوں میں قومی راجدھانی میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔ دہلی کے نجف گڑھ میں کل سب سے زیادہ درجہ حرارت 47.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پنجاب، ہریانہ، دہلی، چنڈی گڑھ، راجستھان، اتر پردیش اور شمال مغربی مدھیہ پردیش میں آئندہ تین دنوں تک لو کی صورت حال جاری رہنے کے ساتھ ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔