دہلی اور این سی آر میں سردی کی شدت کے ساتھ گھنے کہرے نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ دہلی کے آئی جی آئی ایئرپورٹ پر ہفتے کی صبح حد نگاہ (ویزیبلٹی) صفر ریکارڈ کی گئی،
جس کے باعث 150 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ صبح 8:30 بجے تک ایئرپورٹ پر یہی صورتحال برقرار رہی، حالانکہ کچھ علاقوں میں ویزیبلٹی میں بہتری آئی اور 100 سے 250 میٹر تک پہنچ گئی۔
ہوائی کمپنیوں نے مسافروں کی سہولت کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے اور کہا ہے کہ ایئرپورٹ جانے سے پہلے اپنی پرواز کا اسٹیٹس چیک کریں۔ انڈیگو اور ایئر انڈیا سمیت کئی فضائی کمپنیوں نے مسافروں کو اطلاع دی ہے کہ شدید کہرے کی وجہ سے شمالی ہندوستان میں پروازوں کے آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ایئرپورٹ حکام نے بھی کہرے کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کا اعتراف کرتے ہوئے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے سفر سے قبل متعلقہ ایئرلائن سے رابطہ کر کے پرواز کی معلومات حاصل کریں۔
کہرے نے دہلی اور شمالی ہندوستان کی سڑکوں پر ٹریفک کو سست کر دیا ہے۔ دھند اتنی گھنی ہے کہ دن کے وقت بھی گاڑیوں کی لائٹس آن کرنی پڑ رہی ہیں، مگر اس کے باوجود آگے دیکھنا مشکل ہو رہا ہے۔
ٹرین سروس بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ دہلی آنے والی کئی اہم ٹرینیں کئی گھنٹے کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔ وارانسی-دہلی وندے بھارت ایکسپریس تین گھنٹے، جبکہ شرم شکتی ایکسپریس پانچ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ شمالی ہندوستان سے آنے والی دیگر ٹرینیں بھی لیٹ ہو رہی ہیں، جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔