دہلی کی تیس ہزاری کورٹ کے باہر پولیس اور وکلا کے درمیان ہوا تنازعہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ پولیس اور وکیلوں کے درمیان ہوئی مارپیٹ کے بعد دہلی پولیس کے جوانوں نے بھی آواز اٹھانی شروع کردی ہے۔
انسپیکٹر رینک سے لیکر پولیس اہلکاروں نے منگل کو انصاف اور اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کی مانگ کو لے کر پولیس ہیڈکوارٹر کے سامنے مظاہرکر رہے ہیں۔ پولیس والے ہاتھوں میں تختیاں لیکر نعرے بازی کر رہے ہیں۔ ان تختیوں پر سیو پولیس اور ہم بھی انسان ہیں جیسے نعرے لکھے ہیں۔
دہلی کے تیس ہزاری کورٹ کے باہر گزشتہ ہفتہ کو پولیس اور وکلاء کے درمیان پرتشدد جھڑپ کے معاملہ نے آج ایک نیا موڑ لے لیا جب سیاہ پٹی باندھے پولیس اہلکاروں نے مظاہرہ میں شرکت کی۔ یہاں کی تمام عدالتوں کے وکیل پیر کو اس واقعہ کے خلاف احتجاج و مظاہرہ کر رہے تھے وہیں آج دہلی پولیس ہیڈکوارٹر کے باہر پولیس اہلکار احتجاج وا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
بڑی تعداد میں دہلی پولیس کے جوان سیاہ پٹی باندھ کر ہیڈ کوارٹر کے باہر اکٹھا ہوئے اور اپنے لئے انصاف کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بھی وردی کے پیچھے ایک انسان ہیں، ان کا بھی خاندان ہے۔ ان کے مصائب کوئی کیوں نہیں سمجھتا؟